کے ٹی آر کیخلاف کارروائی کیلئے کانگریس کا مطالبہ

   

مہیش بھگوت سے ملاقات، مجسمہ امبیڈکر کے پاس انہدامی کارروائی کا الزام

حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے بی آر ایس قائد کے ٹی راما راؤ کیخلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھگوت کو تحریری شکایت حوالے کی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن ای انیل، صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹیو فیڈریشن این پریتم ، صدرنشین فشریز کارپوریشن ایم سائی کے علاوہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان کے مہیش نے کہا کہ کے ٹی آر اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ تروپتی اور بی آر ایس قائد کریشانک کیخلاف بھی کانگریس قائدین نے تحریری شکایت کی کہ ٹینک بنڈ پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب ہے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مجسمہ کے اطراف علاقہ کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کے تحت دیوار کی تعمیر کا فیصلہ کیا اور تعمیری کام کا آغاز ہوا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد نے رات کی تاریکی میں کے ٹی راما راؤ، کریشانک اور تروپتی کی ایماء پر دیوار کو منہدم کردیا۔ انہدامی کارروائی میں بی آر ایس کے کارکن ملوث ہیں۔ دیوار کی تعمیر کیخلاف بی آر ایس کے سوشیل میڈیا میں مخالف مہم چلائی گئی۔ مہیش بھگوت نے جانچ کے بعد ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ 1