حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ نے کانگریس کی بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کیخلاف شکایت کو مزید کارروائی کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو روانہ کیا ہے۔ وکاس راج نے میمو جاری کرکے اے آئی سی سی رکن جی نرنجن کی 22 نومبر کو کی گئی شکایت کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا کہ کے ٹی آر نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے احاطہ میں ٹی وی چیانلس کو انٹرویو دیا ۔ سرکاری اراضیات اور عمارتوں کا انتخابی اغراض کیلئے استعمال کرنا انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ وکاس راج نے اِس میں پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس رپورٹ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔ کانگریس نے 16 اور 22 نومبر کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق دو علیحدہ شکایات درج کرائی ہیں۔ اِس سلسلہ میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔