کے ٹی آر کی اسد اویسی سے تفصیلی ملاقات

   

ٹی آر ایس کیلئے مجلس کی تائید حاصل کرنے دو گھنٹے بات چیت
حیدرآباد۔/10مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج صدر مجلس اسد الدین اویسی کے مکان واقع شاستری پورم پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ کے ٹی آر آج صبح 8 بجے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے مکان پہنچے اور تقریباً 2 گھنٹے تک بات چیت کی۔ مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر کے ٹی آر کی اسد اویسی سے ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران کے ٹی آر نے پارلیمانی انتخابات میں مجلس کی ٹی آر ایس پارٹی کو تائید کی خواہش کی اور سمجھا جاتا ہے کہ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے ٹی آر ایس اپنا امیدوارنامزد نہیں کرے گی۔ سمجھا جاتا ہے کہ مجلس بھی ٹی آر ایس پارٹی کے حق میں ایسے پارلیمانی حلقوں میں جہاں مسلم آبادی کی اکثریت ہو وہاں انتخابی مہم چلائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ کے ٹی آر اور اسد اویسی کی ملاقات تلنگانہ کے 17 پارلیمانی حلقوں میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کے سلسلہ میں تھی۔اس ملاقات کو مخفی رکھا جانے والا تھا لیکن کے ٹی آر کی علاقہ میلاردیو پلی میں آمد کی اطلاع پر مقامی پولیس متحرک ہوگئی اور اسد اویسی کی رہائش گاہ پر بندوبست میں مصروف ہوگئی۔ یہ بات سوشیل میڈیا پر عام ہونے کے نتیجہ میں مقامی میڈیا نمائندے شاستری پورم پہنچ گئے اور تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔