کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف امیت شاہ سے نمائندگی کا اعلان

   

ریونت ریڈی کے مکتوب کی تائید، امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ:ہنمنت راؤ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے اثاثہ جات کے خلاف تحقیقات کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے نمائندگی کا اعلان کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے ٹی آر کے اثاثہ جات کی تحقیقات کیلئے ریونت ریڈی نے کے سی آر کو مکتوب روانہ کیا ہے ، جو قابل ستائش اقدام ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کریں گے یا نہیں اس پر عوام کو شبہات ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی نے مکتوب تو صحیح لکھا لیکن فرد کا انتخاب غلط کیا ہے۔ یہ مکتوب کے سی آر کے بجائے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو لکھا جانا چاہئے ۔ کسی بھی معاملہ کی جامع تحقیقات کا اختیار مرکزی وزیر داخلہ کو ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اس معاملہ میں عدالت سے رجوع ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اگر امیت شاہ سے نمائندگی کی گئی تو وہ الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں کے ٹی آر نے غیر قانونی طور پر جو اثاثہ جات بنائے ہیں، یہ معاملے منظر عام پر آرہے ہیں۔ امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرنے کی صورت میں یہ بات واضح ہوجائے گی کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے درمیان خفیہ سمجھوتہ تو نہیں؟ انہوں نے کہا کہ شہریت قانون کے خلاف پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس نے ووٹ دیا لیکن یہاں اس قانون پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ قانون کے خلاف ملک بھر میں عوامی احتجاج جاری ہے ، لہذا مرکز کو قانون سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو نصب کرنے کی اجازت سے انکار پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مجسمہ کو پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے ۔ پردیش کانگریس کے قائدین اس مسئلہ پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں دفعہ 3 نہ ہوتی تو تلنگانہ ریاست تشکیل نہ پاتی۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب پر تلنگانہ میں ان کے حلاف اور آندھراپردیش میں ہرش کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے افسوس کا اظہار کیا کہ امبیڈکر کے مجسمہ کے بارے میں کانگریس قائدین خاموش ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ اور الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریں۔ اگر ریونت ریڈی وزیر داخلہ سے نمائندگی نہیں کرتے ہیں تو میں امیت شاہ سے ملاقات کروں گا ۔