کے ٹی آر کی سالگرہ ، کسی کو بھی حیدرآباد نہ آنے کا مشورہ

   

بارش پر گفٹ اے اسمائیل پروگرام ملتوی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ان کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد دینے کے لیے کسی کو بھی حیدرآباد نہ پہونچنے کی اپیل کی ہے ۔ کے ٹی آر نے پارٹی قائدین اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس وقت عوام کے درمیان رہیں کیوں کہ گذشتہ چند دنوں سے بارش کی وجہ سے سارا تلنگانہ جل تھل میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق تمام عوامی منتخب نمائندے اس مصیبت کے وقت مقامی سطح پر عوام کو دستیاب رہیں اور راحت کاری اقدامات کی نگرانی کریں ۔ ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات کو منتقل کرنے کی کارروائی کریں ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید دو تین دن بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ لہذا وہ عوامی منتخب نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقامی سطح پر عوام کو دستیاب رہیں ۔ جہاں جہاں ضرورت ہو وہاں راحت کاری کے اقدامات کریں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اپنی سالگرہ کے موقع پر 24 جولائی کو کسی سے بھی ملاقات نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی ان سے ملاقات کرنے کی کوشش کریں ۔ اپنی مرضی کے مطابق قائدین فلاحی کام انجام دیں ۔ کے ٹی آر کے آفس نے اعلان کیا ہے کہ گفٹ اے اسمائیل پروگرام کے تحت کے ٹی آر نے سالگرہ کے موقع پر معذورین کے لیے بائیک دینے کا جو اعلان کیا ہے اس پر زبردست ردعمل کا اظہار ہورہا ہے ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ معذورین اور ان کے دوست و احباب اور رشتہ داروں کی جانب سے بھی انہیں تحفہ کا حصہ دار بنانے کی اپیل کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر تمام اپیلوں پر مثبت ردعمل کا اظہار کررہے ہیں ۔ ریاست میں بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد ایک خصوصی پروگرام کے ذریعہ معذورین میں گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی ۔۔