کیسرا کو ایم پی فنڈ سے سیاحتی مرکز بنانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کی سالگرہ کے موقع پر ان کے رشتہ دار اور رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے شہر کے مضافاتی علاقہ کیسرا ریزرو فاریسٹ کو ہریتاہرم کے تحت شجرکاری کے لئے اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سنتوش کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ میرے ہردلعزیز بھائی اور پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی آر کی سالگرہ کے موقع پر ’’مسکراہٹ کا ایک تحفہ‘‘ پروگرام کے تحت میں کیسرا ریزرو فاریسٹ ڈیولپمنٹ کو اڈاپٹ کر رہا ہوں تاکہ ایم پی فنڈ سے اسے ایکو ٹورازم پارک کے طور پر ترقی دی جاسکے۔ یہ علاقہ 2042 ایکر اراضی پر مشتمل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ شہریوں کیلئے سیاحت کا ایک عظیم مرکز ثابت ہوگا۔ کے ٹی آر کی سالگرہ کے موقع پر “Gift A Smile” چیلنج پروگرام کے تحت بڑے پیمانہ پر شجرکاری کا منصوبہ بنایا گیا ۔ ٹی آر ایس کے کئی قائدین نے اس پروگرام سے اپنے آپ کو جوڑنے کا اعلان کیا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ کویتا ، فلم اسٹارس وجئے دیورکنڈہ ، نتن ، پروڈیوسر ومشی ، صنعت کار ایم متاگوتم نے اس پروگرام سے خود کو وابستہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے سالگرہ کے موقع پر تقاریب کے انعقاد میں رقومات صرف کرنے کے بجائے اسے سماجی کاموں میں خرچ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پر “Gift A Smile” نعرہ تحریر کیا تاکہ اس نعرہ کے تحت شجرکاری کی جاسکے۔ حکومت محکمہ جنگلات کے ذریعہ اربن فاریسٹ پارک کو ترقی دے رہی ہے۔ اسی پروگرام کے تحت سنتوش کمار نے کیسرا میں شجرکاری کا فیصلہ کیا ہے ۔ سنتوش کمار عنقریب علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیسرا علاقہ کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دیتے ہوئے شہریان حیدرآباد کو تحفہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔
