کے ٹی آر کی نگرانی میں بلدیات کی بہترکارکردگی

   

قومی سطح پر 16 ایوارڈز کا حصول ۔ اروند کمار نے ستائش کی
حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر ( سیاست نیوز ) اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر اروند کمار نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی اہل قیادت کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی ہدایات کے مطابق کام کرکے کئی شہروں کو ایوارڈز حاصل ہو رہے ہیں۔ اروند کمار نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ شہری اور دیہی بلدیات اور مجالس مقامی کی کارکردگی کو بہتر بنانے مسلسل ہدایات دے رہے ہیں۔ ان پر عمل کرکے بلدیات کو ایوارڈز مل رہے ہیں۔ اروند کمار نے ٹوئیٹ میں واضح کیا کہ ریاست کو کئی اہم شعبہ جات میں کارکردگی میں اعلی مقام حاصل ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ ریاست کو اسی طرح ترقی ملتی رہے گی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کو 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی سطح پر سوچھ سرویکشن ایوارڈز میں جملہ 16 انعامات حاصل ہوئے ہیں۔ ایوارڈز کے حصول میں تلنگانہ کو دوسرا مقام حاصل رہا جبکہ 19 ایوارڈز کے ساتھ مہاراشٹرا سر فہرست رہا ۔ ریاست میں جملہ 5 شہری مجالس مقامی کو 15 ہزار سے کم آبادی کے زمرہ میں انعامات حاصل ہوئے ہیں ان میں بوتھ پور ‘ چنڈور ‘ چٹیال ‘ کوتہ پلی اور نیریڈ چرلہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کوتہ پلی ‘ گھٹکیسر ‘ گجویل اور بڈنگ پیٹ بلدیات کو صاف ستھرے شہر کے زمرے میں ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔