اعلیٰ تعلیم یافتہ و حرکیاتی قائد کی ٹی آر ایس میں مضبوط گرفت
گمبھی راؤ پیٹ۔/8 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بالآخر اپنی کابینہ میں توسیع کردی ۔ حیدرآباد ے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں حلقہ اسمبلی سرسلہ سے نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ کو کابینہ میں شامل کیا گیا۔ تلنگانہ کی نئی گورنر محترمہ تملی سوندرا راجن نے انہیں 4 بجکر 14 منٹ پر حلف دلوایا۔ حلقہ اسمبلی سرسلہ سے نمائندگی کرنے والے کے ٹی راما راؤ کو کابینہ میں شامل کئے جانے کی اطلاع پر علاقے کی عوام بالخصوص ٹی آر ایس پارٹی کیڈر اور کارکنوں میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ جبکہ قائدین و کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کی اور بعض مقامات پر آتشبازی بھی کی گئی اور کچھ قائدین کے ٹی راما راؤ کی کابینہ میں شمولیت سے متعلق ملی اطلاعات پر تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے حیدرآباد روانہ ہوئے۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس کے اقتدار کے دوران دوبارہ ریاستی کابینہ میں شامل ہونے والے حرکیاتی قائد کے ٹی راما راؤ کی پیدائش 24 جولائی 1976 کو سدی پیٹ میں ہوئی ۔ ان کی ابتدائی تعلیم پہلے دو سال کریم نگر اور بعد ازاں امراوتی پبلک اسکول یوسف گوڑہ حیدرآباد ، نالندہ پبلک اسکول مہدی پٹنم میں ہوئی اس کے بعد کے ٹی آر نے عابڈس پر واقع سینٹ جارج گرامر اسکول سے CSI میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وگنان جونیر کالج گنٹور میں داخلہ لیا۔ پھر وہاں سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد سے بی سی ایس مائیکرو بیالوجی سے مکمل کرتے ہوئے MSC بائیوٹکنالوجی سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے پونے کا رُخ کیا جہاں وہ ایم ایس سی مکمل کرنے کے بعد ایم بی اے مارکیٹنگ کرنے کیلئے امریکہ نیویارک گئے جہاں وہ اپنی تعلیم مکمل ہونے کے بعد وہاں کی ایک مشہور آئی ٹی کمپنی میں پراجکٹ منیجر کی حیثیت سے ملازمت اختیار کی جس کو کچھ دن بعد چھوڑ کر واپس حیدرآباد آکر تحریک علحدہ تلنگانہ میں شامل ہوگئے اور پارٹی میں اپنی مضبوط گرفت بناتے ہوئے سب سے پہلے حلقہ سرسلہ سے 2009 میں پہلی بار 171 ووٹوں کی معمولی اکثریت سے باغی امیدوار مہیندر ریڈی پر کامیابی حاصل کی اس کے بعد دوسری اور تیسری مرتبہ بھی اسی حلقہ اسمبلی سرسلہ سے کامیابی حاصل کی اور گزشتہ میں بھی وزیر پنچایت و آئی ٹی کے طور پرخدمات انجام دی اور حلقہ سرسلہ کی ترقی کیلئے جدوجہد کی اور نئے اضلاع کی تشکیل میں بھی سرسلہ کو شامل کروایا۔