کے ٹی آر کے خلاف الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت

   

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی بی آر ایس کی جانب سے خلاف ورزیوں کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ نائب صدر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ورکنگ پریسیڈنٹ بی آر ایس کے ٹی راما راؤ کی جانب سے کارکنوں کو دکھشا دیوس منانے کی اپیل کا حوالہ دیا۔ بعض ٹی وی چینلس پر کے ٹی آر کی اپیل ٹیلی کاسٹ کی جارہی ہے جو 2009 میں کے سی آر کی بھوک ہڑتال سے متعلق ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں سیاسی پارٹیوں کو کسی طرح کے پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے لیکن بی آر ایس نے بلڈ ڈونیشن کیمپ اور دیگر پروگرام منعقد کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو کارروائی کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی۔ کانگریس نے ایک اور مکتوب میں آندھرا پردیش پولیس کی جانب سے تلنگانہ سے متصل سرحدوں کو بند کرنے اور عوام کو تلنگانہ میں اپنے آبائی مقامات پہنچنے سے روکنے کی شکایت کی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے آندھرا پردیش میں ملازمت کرنے والے تلنگانہ کے رائے دہندے اپنے آبائی مقامات پہنچنا چاہتے ہیں لیکن سرحد پر آندھرا پردیش کی پولیس انہیں روک رہی ہے۔ کانگریس نے حکومت کے نمائندہ تلگو اخبار میں پیڈ نیوز کی اشاعت کے خلاف بھی شکایت کی۔