چیف سکریٹری نے فائل روانہ کردی، جشنو دیو ورما کی قانونی ماہرین سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کے خلاف فوجداری کارروائی کی اجازت کے لئے تلنگانہ حکومت نے گورنر جشنو دیو ورما کو متعلقہ فائل روانہ کردی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اینٹی کرپشن بیورو کی رپورٹ کے علاوہ کے ٹی آر کے خلاف پراسیکیوشن کی اجازت سے متعلق درخواست روانہ کی ہے ۔ حکومت نے اینٹی کرپشن بیورو کی رپورٹ کو ویجلنس کمیشن سے رجوع کیا تھا جس نے دو عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کے خلاف پراسیکیوشن کی اجازت کے مسئلہ پر گورنر نے قانونی ماہرین سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ انہوں نے قانونی ماہرین کو راج بھون طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ کا جائزہ لیا اور قانونی رائے حاصل کی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر کے علاوہ دو اعلیٰ عہدیداروں کو بطور ملزم قرار دیا ہے ۔ سابق وزیر کے ٹی آر چونکہ اسمبلی کے رکن بھی ہیں ، لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے گورنر سے اجازت درکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کی اجازت کے سلسلہ میں جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ کے انعقاد کے لئے کابینہ کی منظوری کے بغیر ایک بیرونی کمپنی کو 54.88 کروڑ کی اجرائی کے سلسلہ میں کے ٹی آر کے علاوہ اس وقت کے پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور ایچ ایم ڈی اے کے چیف انجنیئر بی ایل این ریڈی کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی تحقیقات کے دوران دونوں عہدیداروں نے بیان دیا تھا کہ انہوں نے اس وقت کے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر خانگی کمپنی کو بھاری رقم منتقل کی تھی۔ رقم کی اجرائی کیلئے کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ ای ڈی نے بھی منی لانڈرنگ کے ضمن میں فارمولہ ای ریسنگ کی جانچ کا آغاز کیا ہے۔ 1