کے ٹی آر کے فارم پر جانے کی کوشش ناکام ، کانگریس ارکان اسمبلی زیر حراست

   

حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس ارکان اسمبلی کو آج اسوقت پولیس نے حراست میں لے لیا جب وہ کے ٹی آر کے فارم ہاوز کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مضافاتی علاقہ جنواڑہ پہنچے تھے۔ اسمبلی سے ایک دن کی معطلی کے بعد ارکان اسمبلی کے ٹی آر کے فارم ہاوز کیلئے روانہ ہوئے تاکہ جی او 111 کی خلاف ورزی کا جائزہ لے سکیں۔ اسمبلی سے جیسے ہی ارکان اسمبلی کی روانگی ہوئی پولیس نے چوکسی اختیار کرلی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، ڈی سریدھر بابو ، جی انوسیا ( سیتکا )، جگا ریڈی اور راما راؤ جنواڑہ کیلئے روانہ ہوئے۔ پولیس نے راستہ میں ہی انہیں روک لیا اور حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتاری سے قبل گچی باؤلی کے علاقہ میں پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس پر کانگریس ارکان اسمبلی نے سڑک پر احتجاج منظم کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے حیرت کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندوں کو کسی بھی علاقہ کے دورہ سے روکا نہیں جاسکتا۔