کے ٹی آر کے فارم ہاؤز مسئلہ پر ہائی کورٹ کے اجلاس کاملہ میں سماعت

   

Ferty9 Clinic


گرین ٹریبونل کے فیصلہ پر عمل آوری کیلئے ریونت ریڈی کی درخواست
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کا اجلاس کاملہ شہر کے مضافاتی علاقہ جنواڑہ ضلع رنگا ریڈی میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی جانب سے مبینہ طور پر تعمیر کئے گئے فارم ہاؤز کے معاملہ کی سماعت کرے گا۔ اس معاملہ میں نیشنل گرین ٹریبونل کے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کے دو ڈیویژن بنچس نے علحدہ علحدہ نوعیت کا حکم جاری کیا جس کے بعد اس مسئلہ کو مکمل بنچ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ اجلاس سے کاملہ کو رجوع کرنے سے پہلے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا اس مسئلہ کی سماعت کی جاسکتی ہے یا نہیں۔ اجلاس کاملہ کے بارے میں بہت جلد فیصلہ ہوگا۔ ہائی کورٹ نے نیشنل گرین ٹریبونل کے احکامات پر حکم التواء جاری کیا تھا ۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے درخواست داخل کرتے ہوئے ٹریبونل کے احکامات پر عمل آوری کی درخواست کی۔ ان کا کہنا ہے کہ جی او 111 قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فارم ہاؤز تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے کہا کہ اس نوعیت کے مقدمہ کی سماعت ہائی کورٹ میں ممکن ہے یا نہیں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورت میں ایسے امور کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے آئندہ سماعت 6 جنوری کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس کا اتراکھنڈ ہائیکورٹ تبادلہ عمل میں آیا ہے۔