آر سی کنتیا کا اظہار مذمت ، تلنگانہ میں آمرانہ حکمرانی کا الزام
حیدرآباد ۔3۔ مارچ (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے کے ٹی آر کے غیر قانونی فارم ہاؤز کا جائزہ لینے پر رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور سابق ایم پی وشویشور ریڈی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر سی کنتیا نے کہا کہ تلنگانہ میں آمرانہ طرز حکمرانی جاری ہے اور کے سی آر خاندان من مانی فیصلے کر رہا ہے۔ حکمرانی میں عوام کے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طریقہ سے فارم ہاؤز اور دیگر تعمیرات انجام دی گئیں۔ انہوں نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کو بے قصور ثابت کرنے کے لئے تحقیقات کا سامنا کریں۔ کنتیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی بے قاعدگیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی اور وشویشور ریڈی جمہوری انداز میں میڈیا کے ساتھ فارم ہاؤز کے مقام پر پہنچے ۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی جس پر حراست میں لے لیا گیا ۔ کنتیا نے کہا کہ سرکاری قواعد کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی تعمیرات کے خلاف کانگریس قائدین نے جمہوری انداز میں آواز اٹھائی۔ وہ عوام کی جانب سے سوال کرنے کیلئے پہنچے تھے۔ تاہم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کنتیا نے کہا کہ کے ٹی آر کو فارم ہاؤز کی ملکیت اور تعمیر کی اجازت کے سلسلہ میں دستاویزات عوم کے روبرو پیش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری سطح پر بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے لئے جدوجہد کرنے والے عوام کو چاہئے کہ وہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی دھاندلیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں۔