کے ٹی آر کے فارم ہاؤز کا معائنہ کرنے پر ریونت ریڈی گرفتار

   

وشویشور ریڈی کے ساتھ احتجاج، غیر قانونی تعمیر کا الزام، کانگریس کارکنوں کا دھرنا
حیدرآباد ۔2۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کو پولیس نے آج اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ درگم چیرو کے قریب نندی ہلز میں جنواڑہ کے مقام پر ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی جانب سے تعمیر کئے جارہے فارم ہاؤز کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔ پولیس نے انہیں جانے سے روک دیا اور بحث و تکرار کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ذخیرہ آب کی اراضی کے تحفظ سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فارم ہاؤز تعمیر کیا گیا ہے۔ جی او 111 کے تحت ذخائر آب کی اراضی پر تعمیری کام انجام نہیں دیا جاسکتا۔ کے ٹی راما راؤ اس جی او کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 25 ایکر اراضی پر غیر قانونی طریقہ سے فارم ہاؤز کا کام جاری ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر نے مرکزی حکومت کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کردیا ہے۔ گنڈی پیٹ کے راستہ میں غیر قانونی طریقہ سے تعمیری کام انجام دیا گیا۔ کانگریس قائدین نے فارم ہاؤز کا جائزہ لینے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ ریونت ریڈی اور وشویشور ریڈی کی پولیس سے بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ ان قائدین کے پاس اراضی سے متعلق دستاویزات موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ میڈیا کے نمائندوں کو کے ٹی آر کے بینامی فارم ہاؤز سے واقف کرانا چاہتے تھے۔ جنواڑہ گاؤں میں سروے نمبرات 301 ، 302 ، 312 اور 313 میں کے ٹی آر نے محل نما فارم ہاؤز تعمیر کیا ہے۔ 25 ایکر اراضی جو آبگیر علاقہ پر مشتمل ہے، قبضہ کرتے ہوئے فارم ہاؤز تعمیر کیا گیا۔ ریونت ریڈی کی موجودگی کے وقت پولیس کی بھاری جمعیت کو روانہ کرتے ہوئے صحافیوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ٹی آر کے فارم ہاؤز کی حفاظت کر رہی ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندے کو معائنہ سے روکنے کی کوشش پر برہمی کا اظہار کیا۔ پولیس نے ریونت ریڈی اور وشویشور ریڈی کو رام چندرا پورم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد نے رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔