عنقریب جائزہ اجلاس کی طلبی، صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس کی وزراء سے ملاقات
حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس کی قیادت میں کمیشن کے ارکان نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو، وزیر فینانس ہریش رائو اور وزیر صحت ای راجندر سے ملاقات کرتے ہوئے کمیشن کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ ریاستی وزراء کو کمیشن کی جانب سے شائع کردہ ڈائری، کیلنڈر اور سووینئر حوالے کیا گیا اس موقع پر کے ٹی راما رائو نے ایس سی ایس ٹی کمیشن کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کی قیادت میں کمیشن درج فہرست اقوام و قبائل کے مسائل کی یکسوئی میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ ریاست بھر میں مواضعات اور قبائیلیوں کے تانڈوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس سی ایس ٹی کمیشن نے ہراسانی اور مظالم کے واقعات کی یکسوئی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست اقوام و قبائل کو انصاف کے حصول کے سلسلہ میں کمیشن سے بہتر امیدیں ہیں اور کمیشن پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ کمیشن کی جانب سے ہر ضلع میں ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کمیشن اپنی عدالت میں مسائل کی سماعت کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کررہا ہے۔ کمیشن نے تاحال چھ ہزار مقدمات میں متاثرین کو 42 کروڑ کا معاوضہ دلایا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بہت جلد ان کے محکمہ میں ایس سی ایس ٹی مسائل کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں وہ خود شرکت کریں گے۔ اس موقع پر کمیشن کے ارکان نے ریاستی وزراء کو تہنیت پیش کی۔ کمیشن کے ارکان ودیاساگر، آر نائک، نیلا دیوی اور کمیشن کے عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔