کے ٹی آر نے شہر میں اربن پارک کا افتتاح کرتے ہوئے ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا

   

آکسیجن کی قلت پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر پودے لگانے کی عوام سے اپیل
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حیدرآباد میں پدا عنبر پیٹ کے پاس اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے ریاست کے ساتویں ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا اور شجرکاری پروگرام میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے کا عوام کو مشورہ دیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین اور عہدیدار بھی موجود تھے۔ بعد ازاں منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہریتا ہارم پروگرام میں 5900 کروڑ روپئے کے مصارف سے 220 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانا عوامی منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور عوام کی ذمہ داری ہے۔ صرف پودا لگانے پر ہی اکتفاء نہ کریں بلکہ پودے کو تناور درخت میں تبدیل ہونے تک اس کی حفاظت کریں۔ چیف منسٹر کی سیاسی بصیرت سے ایک طرف ریاست تیزی سے ترقی کررہی ہے دوسری طرف نئی نئی فلاحی اسکیمات متعارف کی جارہی ہیں۔ تیسری طرف ریاست میں جنگلات کو فروغ دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر ریاست میں صرف 23.4 فیصد سرسبز و شاداب ( جنگلاتی تناسب ) تھا جو اب بڑھ کر 28 فیصد ہوگیا ہے۔ فاریسٹ سروے آف انڈیا نے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے اس کا انکشاف کیا ہے۔ کورونا کی دوسری لہر غضبناک ثابت ہوئی ہے۔ سارے ملک میں آکسیجن کی قلت پائی گئی ہے۔ جنگلات کو فروغ دیتے ہوئے آکسیجن کی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے 109 اربن پارکس قائم کئے جارہے ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں 650 کروڑ روپئے کے مصارف سے 59 اربن پارکس کو ترقی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش سے اموات تک ہمیں لکڑی کی ضرورت پڑتی ہے لہذا ہر کوئی جنگلات کے فروغ میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون و اشتراک کرے۔ سارے ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے جنگلات کے فروغ کیلئے خصوصی قانون بنائے اور گرام پنچایتوں، منڈل پریشد اور ضلع پریشد میں 10 فیصد فنڈز گرینی کو فروغ دینے کیلئے مختص کئے گئے ہیں ہمیں ہماری نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کیلئے جنگلات کو فروغ دینا لازمی ہوگیا ہے۔