3 ہزار مندوبین کی شرکت، ہر گاؤں اور شہر میں پارٹی پرچم کشائی
حیدرآباد۔ /17 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج مادھا پور میں ہائی ٹیکس کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس پلینری سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ٹی آر ایس کے قیام کے 21 سال کی تکمیل کے موقع پر 27 اپریل کو ہائی ٹیکس میں یوم تاسیس تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے آج ارکان مقننہ ایم گوپی ناتھ اور نوین راؤ کے علاوہ عہدیداروں کے ساتھ ہائی ٹیکس کا دورہ کیا اور انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے یوم تاسیس کو ایک تہوار کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے اپنے قیام کے 21 سال مکمل کرلئے ہیں اور علحدہ تلنگانہ کی جدوجہد کے علاوہ حکومت کے قیام کے بعد فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی طویل فہرست ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس تقاریب میں 3 ہزار مندوبین شرکت کریں گے جن میں ریاستی وزراء ، عوامی نمائندے اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین شامل ہوں گے۔ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے قائدین کے ساتھ کل پیر کے دن اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے 21 برسوں میں ایک بڑی پارٹی کا موقف اختیار کرلیا ہے اور ریاست کی ترقی سے متعلق اہم فیصلے پلینری سیشن میں کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صرف مدعوئین کو شرکت کی اجازت ہوگی جن کے پاس دعوت نامہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 12769 مواضعات کے پارٹی صدور اپنے گاؤں میں 27 اپریل کو پرچم کشائی انجام دیں گے۔ شہروں میں 3600 مقامات پر پارٹی پرچم لہرایا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کے تحفظ کی مثال قائم کی ہے۔ر
کے ٹی آر بہادر پورہ فلائی اوور کا کل افتتاح انجام دیں گے
حیدرآباد 17 اپریل ( سیاست نیوز ) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ منگل 19 اپریل کو بہادر پورہ فلائی اوور کا افتتاح انجام دیں گے ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ اعلان کیا کہ وہ 19 اپریل کو بہادر پورہ فلائی اوور کا افتتاح انجام دینے والے ہیں۔ بہادر پورہ فلائی اوور طویل وقت سے زیر تعمیر تھا اور عوام کی جانب سے اس کی تعمیر میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا گیا تھا ۔ تاہم چند ماہ قبل چیف سکریٹری سومیش کمار کے دورہ کے بعد اس کے کاموں میں تیزی لائی گئی تھی اور اسے مکمل کرلیا گیا اور منگل کو اسے عوام کیلئے کھول دیا جائیگا ۔