کے ٹی آر کا جذبۂ انسانی ہمدردی

   

پولیو سے متاثرہ لڑکے کے مفت علاج کا تیقن
حیدرآباد۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما رائو نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت پولیو سے متاثرہ لڑکے کو خانگی ہاسپٹل میں شریک کرایا اور علاج کے مکمل اخراجات برداشت کرنے کا تیقن دیا۔ راماگنڈم سے تعلق رکھنے والے شیواسائی نے آج مقامی قائدین کے ہمراہ تلنگانہ بھون میں کے ٹی راما رائو سے ملاقات کی اور اپنی بپتا سنائی۔ کے ٹی آر نے شیواسائی کو فوری طور پر ہاسپٹل میں شریک کرنے گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس قائد کے سرینواس یادو کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے سلسلہ میں تمام اخراجات برداشت کیئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی چندولال کے ساتھ پہنچ کر شیواسائی نے کے ٹی آر سے ملاقات کی۔ پولیو کے سبب اس طالب علم کے دونوں پیر متاثر ہوچکے ہیں اور اسے معمولاتِ زندگی میں دشواری پیش آرہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کم عمری کے سبب علاج کرتے ہوئے دونوں پیر درست کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ کے ٹی آر نے علاج کے سلسلہ میں ماہر ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کرنے کا تیقن دیا۔