لاک ڈاؤن کے دوران طلبہ تعلیم پر توجہ دیں، ریاستی وزیر کا مشورہ
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کی مدد سے منچریال ضلع میں ایک خاتون کو پولیس نے طبی امداد کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا۔ کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں عوام کو ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی کے لئے مشکلات کا سامنا ہے ۔ مریضوں کو دواخانہ منتقل کرنے کیلئے بھی دشواری ہورہی ہے۔ منچریال ضلع کے ایک شخص نے اپنی بیوی کو ہاسپٹل منتقل کرنے کیلئے کے ٹی راما راؤ سے مدد طلب کی ۔ ٹوئیٹر پر اس شخص نے درخواست کی کہ ہاسپٹل کی منتقلی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ کے ٹی آر نے سرکل انسپکٹر نارائن نائک کو اس سلسلہ میں ہدایت دی جس کے بعد خاتون کو پولیس کی مدد سے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اسی دوران کے ٹی آر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاون کی مدت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے بچوں کو تعلیم میں مصروف رکھیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ ریاستی حکومت کے ٹی۔ ایس اے ٹی چیانل کی جانب سے ٹیلی کاسٹ کئے جانے والے پروگراموں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ ان پروگراموں کے ذریعہ اسپوکن انگلش اور دیگر شعبہ میں مہارت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ یہ چیانل یو ٹیوب اور موبائیل ایپ پر دیکھا جاسکتا ہے ۔