کے ٹی آر کے روڈ شو پروگرام کا آج سے آغاز

   

ٹی آر ایس قیادت کی جانب سے اسٹار کیامپینرس کی فہرست جاری، محمد محمود علی بھی شامل

حیدرآباد : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے پرچہ نامزدگی کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد اپنی ساری توجہ انتخابی مہم پر مرکوز کردی ہے۔ وہ 21 نومبر کو اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی اور قطب اللہ پور سے اپنے روڈ شو کا آغاز کررہے ہیں اور 22 نومبر کو مہیشورم اور ایل بی نگر اسمبلی حلقوں میں روڈ شوز کا اہتمام کریں گے ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے ٹی آر ہر دن دو یا تین اسمبلی حلقوں میں پارٹی امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلانے پر روڈ شوز سے خطاب کریں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں کے انچارجس کو کے ٹی آر کے روڈ شوز سے متعلق شیڈول جاری کرتے ہوئے انہیں تیاریاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹی آر ایس 100 سے زائد بلدی ڈیویںنس پر کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے انتخابی میدان میں اتر رہی ہے۔ امکان ہے کہ چیف منسٹر 28 نومبر کو شام 5 بجے ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انچارج وزراء آج سے ہی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی قیادت نے انتخابی مہم کے لیے اسٹار کیامپینرس کی فہرست جاری کردی ہے۔ جس میں چیف منسٹر کے سی آر وزراء کے ٹی آر، ہریش رائو، ٹی سرینواس یادو، محمد محمود علی، ایٹالہ راجندر، ستیہ وتی راتھوڑ، سبیتا اندرا ریڈی، کے ایشور، اور پی اجئے کمار کو شامل کیا گیا ہے۔