کے ٹی راما راؤ ناگرجنا ساگر میں ٹی آر ایس کے اسٹار کیمپینر

   

دیہاتوں اور منڈلوں میں روڈ شو کا منصوبہ، کامیابی کیلئے کے سی آر کی حکمت عملی
حیدرآباد: ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم کی ذمہ داری وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے سپرد کی ہے ۔ کے ٹی آر نہ صرف انتخابی مہم کے انچارج ہوں گے بلکہ اسٹار کمپینر کی حیثیت سے حلقہ میں ریالیوں اور جلسوں کا اہتمام کریں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ کے سی آر نے ضرورت پڑنے پر ناگرجنا ساگر میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ایل سی انتخابات کے دوران وہ ناگرجنا ساگر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرچکے ہیں۔ پارٹی قائدین نے چیف منسٹر کے ایک اور جلسہ عام کی سفارش کی ہے ۔ حلقہ میں رائے دہی 17 اپریل کو مقرر ہے جبکہ 2 مئی کو رائے شماری ہوگی ۔ آنجہانی رکن اسمبلی نرسمہیا کے فرزند بھگت کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے ۔ انتخابی مہم میں مصروف قائدین کے مطابق کے ٹی راما راؤ روڈ شو کے ذریعہ منڈلوں اور دیہاتوں کا احاطہ کریں گے ۔ حلقہ میں کے ٹی آر نے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل کئی ترقیاتی اسکیمات کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں پر کامیابی کے بعد ٹی آر ایس کیڈر کے حوصلے بلند ہیں ۔ کے ٹی آر کو انتخابی مہم کی ذمہ داری دیئے جانے سے توقع ہے کہ قائدین متحدہ طور پر کام کریں گے ۔ امیدوار کے انتخاب کے مسئلہ پر مقامی قیادت میں اختلاف رائے پایا گیا جس کے نتیجہ میں کے ٹی آر کو اسٹار کیمپینر کے طور پر ذمہ داری دی گئی ہے ۔