کے ٹی راما راؤ نے وقف بورڈ کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دی

   


محمد سلیم نے کارکردگی سے واقف کرایا، حکومت سے تعاون کا تیقن
حیدرآباد۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج تلنگانہ وقف بورڈ کے کیلنڈر برائے سال 2021 کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر وزیر برقی جگدیشور ریڈی، سابق وزیر لکشما ریڈی اور ٹی آر ایس کے سینئر قائدین موجود تھے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کے ٹی راما راؤ کو وقف بورڈ کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے حالیہ عرصہ میں غیر مجاز قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں پہل کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تائید اور حمایت سے غیر مجاز رجسٹریشن کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ 100 سے زائد غیر مجاز رجسٹریشن کو منسوخ کیا جاچکا ہے۔ محمد سلیم نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو عالیشان مساجد کی تعمیر سے متعلق حکومت کے فیصلہ کی ستائش کی اور کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ سے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔26 فروری کو بعد نماز جمعہ مساجد کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ کے ٹی آر نے وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کے تحفظ میں سنجیدہ ہے اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ کے ٹی آر نے غیر مجاز رجسٹریشن کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کا حوالہ دیا اور کہا کہ وقف کو ریوینو ریکارڈ سے مربوط کرتے ہوئے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے محمد سلیم کو مشورہ دیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں ریوینو اور پولیس محکمہ جات سے تعاون حاصل کریں۔