ٹی آر ا یس قائد راج شیکھر ریڈی کا بروقت اقدام
حیدرآباد: وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی مداخلت پر ملا ریڈی انجنیئر کالج سے وابستہ پروفیسر محمد عابد علی کے علاج کے لئے انتظام کیا گیا ۔ ٹوئیٹر پر پروفیسر عابد علی کے ایک شاگرد نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مؤثر علاج کے لئے ECMO سے مربوط بیڈ کی فوری ضرورت ہے ۔ پروفیسر عابد علی کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے اور ان کے افراد خاندان علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اس ٹوئیٹ کے فوری بعد کے ٹی راما راؤ نے حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے ٹی آر ایس انچارج ایم راج شیکھر ریڈی کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے شخصی طور پر اس معاملہ میں مدد کرنے کی ہدایت دی ۔ ایم ششی دھر ریڈی نے پروفیسر عابد علی کے افراد خاندان سے بات چیت کی اور ان کے لئے عصری سہولتوں سے آراستہ ECHMO بیڈ کا انتظام کرایا ۔ کے ٹی آر نے راج شیکھر ریڈی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے جوابی ٹوئیٹ کیا ہے ۔ راج شیکھر ریڈی نے پروفیسر عابد علی کے افراد خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کی مداخلت کے بعد ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی نے بھی راج شیکھر ریڈی کو اس جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے پروفیسر عابد علی کے علاج پر توجہ دینے کی خواہش کی ۔