کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر مزدور خاندان کی مدد

   

حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو کی ہدایت پر رکن اسمبلی جوبلی ہلز ایم گوپی ناتھ نے ایراگڈہ علاقہ میں ایک بے روزگار مزدور کی اہلیہ کے انتقال پر اسے رقمی امداد حوالے کی۔ اس مزدور کی اہلیہ کے انتقال کی اطلاع ملنے پر کے ٹی راما رائو نے ٹوئٹر پر رکن اسمبلی ایم گوپی ناگھ کو مدد پہنچانے کی ہدایت دی۔ اس شخص کو چھوٹے بچے ہیں جن کی پرورش دشوار ہوچکی ہے۔ لاک ڈائون کے نتیجہ میں یہ خاندان معاشی مسائل کا شکار ہے۔ گوپی ناتھ نے اس خاندان کے گھر پہنچ کر بچوں کے لیے دودھ ، بسکٹ چاول اور دیگر غذائی اجناس کے علاوہ نقد رقم حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی وہ اس خاندان کی ضروری مدد جاری رکھیں گے۔ ٹی آر ایس کے ڈیویژن پریسڈنٹ سنجیو اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔