الیویٹیڈ کاریڈار کے لیے محکمہ دفاع کی 39 ایکر اراضی الاٹ کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی شاہراہوں کی ترقی اور مختلف علاقوں کو جوڑنے والی سڑکوں کی تعمیر سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے مشن کے مطابق تلنگانہ میں بعض قومی شاہراہوں کو ترقی دی جارہی ہے۔ اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت حیدرآباد۔ناگ پور قومی شاہ راہ نمبر 44 کو 11 کیلومیٹر طویل ایلیویٹیڈ کاریڈار کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس کے لیے 39.40 ایکر محکمہ ڈیفنس کی اراضی درکار ہے۔ کے ٹی آر نے یہ اراضی تلنگانہ حکومت کے حوالے کرنے کی اپیل کی تاکہ پراجیکٹ پر تیزی سے عمل آوری کی جاسکے۔ اس سلسلہ میں پراجیکٹ کی تفصیلات سے راج ناتھ سنگھ کو واقف کرایا گیا۔ ناگپور و حیدرآباد کے درمیان قومی شاہراہ کی ترقی سے کئی فوائد حاصل ہوں گے اور اس شاہ راہ پر ٹریفک مسائل میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیویٹیڈ کاریڈار کے لیے ڈیفنس کی اراضی حوالے کرنے سے ٹریفک کے مسائل مستقل طور پر حل ہوجائیں گے۔ سابق میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اس سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کی تھی لیکن آج تک مرکز سے کوئی جواب وصول نہیں ہوا۔ کے ٹی آر نے راج ناتھ سنگھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی کرتے ہوئے الیویٹیڈ کاریڈار کے لیے درکار ڈیفنس کی زمین فوری الاٹ کریں۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر راج ناتھ سنگھ کی شال پوشی کی اور یادگاری مومنٹو حوالے کیا۔