کے پی ایچ بی میں قمار بازی کا ٹھکانہ بے نقاب

   

13 افراد گرفتار ، اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور زون کی کارروائی
حیدرآباد : /25 فبروری (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور زون اور کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس نے قمار بازی کے ایک ٹھکانے کو بے نقاب کرتے ہوئے 13 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر نرسنگ راؤ نے بتایا کہ کے پی ایچ بی علاقہ کے لودھا بلیزا اپارٹمنٹ میں 18 ویں منزل کے ایک فلائیٹ میں قمار بازی کا ٹھکانہ چلایا جارہا تھا ۔ پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے اصل سرغنہ 59 سالہ ایم مرلی ساکن سوچترا ، 35 سالہ بی پردیپ ریڈی ساکن کے پی ایچ بی کے ساتھ ان کے معاون بی وینکٹیشور راؤ اور 47 سالہ کملاکر ریڈی ساکن الوال ، 40 سالہ کے آنند بابو ساکن مادھاپور ، 36 سالہ وینکٹ ریڈی ساکن الوال ، 34 ناگیشوریا یادو ساکن کریم نگر ، 42 سالہ کے سرینواس ساکن پورم پیٹ ، 42 سالہ ارون کمار ساکن سنگاریڈی ، 45 سالہ اے وینکٹیش گوڑ ساکن ڈنڈیگل ، 48 سالہ گویند ریڈی ساکن ڈنڈیگل ، 52 سالہ پی سرینواس ساکن الوال اور 62 سالہ این وینکٹ ریڈی ساکن الوال کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2,52,40 روپئے نقد رقم 13 سیل فون 10 کارڈز کے سیٹ ضبط کرلئے ۔ پولیس کے مطابق ایم مرلی اور پی پردیپ ریڈی نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے لودھا اپارٹمنٹ میں قمار بازی کا ٹھکانہ شروع کیا ۔ آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ تاجروں اور کاروباریوں کو اس میں مدعو کیا جاتا تھا اور کمیشن کی بنیاد پر قمار بازی کا ٹھکانہ چلایا جارہا تھا جس کو پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ ع