کے کویتاکے قافلہ میں شامل رکن اسمبلی کی کار کو حادثہ

   

حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق ٹی آر ایس رکن پارلیمان نظام آباد شریمتی کے کویتا کی کانوائے( کاروں کے قافلہ ) میں شامل رکن اسمبلی کی کار حادثہ کا شکار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت رکن تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے حیدرآباد سے نظام آباد روانگی کے دوران شریمتی کویتا کے کاروں کے قافلہ میں شامل رکن اسمبلی آرمور مسٹر جیون ریڈی کی رینچ اوور کار حادثہ سے دوچار ہوگئی۔ اتفاقی طور پر رکن اسمبلی پیش آئے حادثہ کے وقت کار میں موجود نہیں تھے۔ تیز رفتاری کے ساتھ جانے والے کاروں کے قافلہ میں سے ایک کار نے رکن اسمبلی کی کار کوٹکر دے دی جس کی وجہ سے مسٹر جیون ریڈی رکن اسمبلی کی کار کے پرخچے اُڑ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کار حادثہ کا واقعہ توپران کے قریب پیش آیا۔ کار حادثہ کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین و کارکنوں بالخصوص مسٹر جیون ریڈی رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حامیوں میں زبردست تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم مسٹر جیون ریڈی نے فوری طور پر اپنے حامیوں ، قائدین ٹی آر ایس کو سل فون کے ذریعہ پیامات روانہ کرکے کوئی تشویش کی بات نہ رہنے کا اظہار کرکے پریشان نہ ہونے کی پرزور خواہش کی۔ پیش آئے حادثہ کے باوجود کاروں کا قافلہ نظام آباد پہنچا اور شریمتی کے کویتا نے رکن تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیں۔