حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا نے نظام آباد لوک سبھا انتخابات میں اپنی شکست کے بعد سے پارٹی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی ہے۔ نظام آبادمیں ٹی آر ایس کو لوک سبھا انتخابات میں شدید دھکا لگا تھا۔ ٹی آر ایس قائدین آئندہ ماہ ہونے والے بلدی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن کویتا نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ پارٹی کیڈر اور قائدین حیران ہیں کہ پارٹی قیادت نے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کیلئے بھی کویتا کو کوئی ذمہ داری نہیں دی ہے۔ کویتا نے زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر برسر عام خوشی کا اظہار بھی نہیں کیا ہے وہ ٹی آر ایس قیادت سے بظاہر ناراض نظر آرہی ہیں۔
