قانونی مشیروں سے مشاورت کے بعد مناسب جواب دینے کا اظہار
نظام آباد 12مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے کہا ہے کہ انہیں آج دوپہر تقریباً 12:30 بجے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے ایک نوٹس موصول ہوا ہے، جس میں اطلاع دی گئی ہے کہ اس معاملہ میں ایک عرضی 16 مارچ 2026 کو معزز ہائی کورٹ میں پیش کی جارہی ہے۔ کویتا نے اس سلسلہ میں اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس وقت اپنے قانونی مشیروں سے مشاورت کر رہی ہیں اور اس معاملہ میں مناسب جواب سرکاری و قانونی ذرائع کے ذریعہ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ سچائی بالآخر سامنے آئے گی اور اسی اعتماد کے ساتھ وہ قانونی نظام سے مکمل تعاون کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی تفتیشی ایجنسی کسی معاملہ میں اعلیٰ عدالت سے رجوع ہوتی ہے تو نوٹس جاری کرنا ایک مقررہ قانونی طریقہ کار کا حصہ ہوتا ہے۔ کویتا نے متعلقہ حلقوں سے اپیل کی کہ اس معاملہ کو کسی بھی طرح غلط معنیٰ میں نہ لیا جائے اور نہ ہی اسے اس انداز میں پیش کیا جائے جس سے ملک کے قانونی نظام کی وقعت اور تقدس متاثر ہو۔