کے کویتا کی رکن پارلیمان آر کرشنیا سے ملاقات

   

نظام آباد :22؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے بی سی ویلفیئر اسوسی ایشن کے قومی صدر و راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ آر کرشنیا سے ملاقات کی۔ بعد ازاں 17 ؍جولائی کو منعقد شدنی ”ریل روکو” احتجاج کے لئے ایک متحدہ محاذ کے قیام کا اعلان کیا۔ یہ احتجاج ریاستی اسمبلی کی جانب سے منظور شدہ 42 فیصد بی سی ریزرویشن بلس کو صدر جمہوریہ سے منظوری دلوانے کے لئے منظم کیا جا رہا ہے۔ دونوں قائدین نے بی سی ریزرویشن کی اہمیت، حکومت کی غفلت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کرشنیا نے اس اقدام کو پسماندہ طبقات کے لئے ایک تاریخی موقع قرار دیا اور تمام بی سی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مطالبہ کے لئے متحد ہو جائیں۔انہوں نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ حکومت 42 فیصد ریزرویشن کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پسماندہ طبقات نے اس موقع پر آواز بلند نہ کی تو موجودہ ریزرویشن بھی خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے پسماندہ طبقات، نوجوانوں، طلبہ، سماجی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 17 جولائی کو منعقد شدنی ”ریل روکو” احتجاج میں شرکت کریں تاکہ 42 فیصد بی سی ریزرویشن کے دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنایاجاسکے۔