نئی دہلی۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے جس انڈین پریمیئرلیگ 2020 (آئی پی ایل 2020) کو 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا اب اسے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونا طے ہوگیا ۔ خبروں کے مطابق کووڈ19 وبا کے سبب ملک میں نافذ لاک ڈاون دو ہفتوں تک بڑھایا جاسکتا ہے اور ایسے میں انڈین پریمیئرلیگ 2020 کا ہونا اب تک طے نہیں ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اس معاملے میں مرکزی حکومت کے سرکاری رخ کا انتظار ہے لیکن زیادہ تر چیف منسٹر نے وزیر اعظم کے ساتھ اجلاس میں لاک ڈاون کو بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر کے رخ کو دیکھتے ہوئے دنیا کے سب سے امیرکرکٹ بورد کے پاس اسے اور آگے ملتوی کرنے کے علاوہ کوئی اور متبادل نہیں ہے۔ واضح رہیکہ کووڈ 19 کی زد میں 8000 سے زیادہ لوگ آئے ہین، جس میں 250 سے زیادہ کی موت ہوگئی ہے۔لاک ڈاون بڑھنے کی خبریں تو سامنے آرہی ہیں، حالانکہ یہ ابھی واضح نہیں ہوا ہے کہ بی سی سی آئی 15 اپریل سے پہلے آئی پی ایل ملتوی ہونیکا اعلان کرے گا یا نہیں۔ بی سی سی آئی میں اس معاملے سے منسلک ایک عہدیدار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پرکہا کہ تین ریاستوں پنجاب، مہاراشٹر اورکرناٹک نے پہلے ہی کہا ہیکہ وہ لاک ڈاون کو آگے بڑھائیں گے جس میں تلنگانہ کا بھی اضافہ ہوا ہے ۔ اس کا یہ مطلب ہوا کہ ابھی آئی پی ایل نہیں ہوسکتا، لیکن یہ منسوخ بھی نہیں ہوگا۔ اسے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا جائیگا۔آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے 24 مارچ تک ہونا تھا، لیکن کووڈ19 کے سبب اسے 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا ہے ہم آئی پی ایل کو منسوخ نہیں کرسکتے کیونکہ ایسا کرنے پر 3000 کروڑ روپئے کا نقصان ہوگا۔ بی سی سی آئی سبھی اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ مل کر اس کا حل تلاش کرنیکی کوشش کریگا، لیکن اس کے لئے حالات کے معمول پر آنیکی ضرورت ہے۔ بی سی سی آئی کے بڑے عہدیدار کیلئے یہ بھی ممکن نہیں ہیکہ وہ کوئی تاریخ مقرر کریں۔بی سی سی آئی ذرائع کی مانیں تو ابھی آئی پی ایل 2020 کیلئے دو ممکنہ تاریخ موجود ہیں۔ پہلا ٹی 20 عالمی کپ سے پہلے ستمبر سے اکتوبرکے شروع تک، دوسرا متبادل یہ ہیکہ اگر آئی سی سی، کرکٹ آسٹریلیا اور ٹی 20 ورلڈ کپ سے منسلک اسٹاک ہولڈر تیار ہوں تو اس کی جگہ اسے منعقد کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ابھی کافی اگرمگرکی حالت ہے۔ کچھ بھی صاف طور پر تبھی کہا جاسکتا ہے تب چیزیں معمول پر ہوں۔