فتح نگر میں ایم ایل ڈی پلانٹ کا سنگ بنیاد ، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی کے حدود میں واقع فتح نگر میں 317 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والے 100 ایم ایل ڈی گنجائش کے آلودہ پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اور کہا کہ مزید 1280 کروڑ روپئے کے مصارف سے 17 ایس ٹی پیز کی تعمیرعمل میں آئے گی جس سے 376.5 ایم ایل ڈی آلودہ پانی کی صفائی ہوگی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی ار نے کہا کہ ریاست میں تیزی سے شہری علاقے وجود میں آرہے ہیں ۔ اسی مناسب سے شہری علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد ایم سی ایچ کے طور پر صرف 160 کیلو میٹر پر محیط تھا جس میں مختلف میونسپلٹیز کو شامل کرتے ہوئے 625 کیلو میٹر پر جی ایچ ایم سی تشکیل دیا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں روزانہ 1950 ایم ایل ڈی پانی آلودہ ہورہا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے 772 ایم ایل ڈی پانی کو صاف کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پینے کے پانی اور ڈرینج کے پانی کے پائپ لائن مل جایا کرتے تھے اس سے 9 افراد کی موت بھی واقع ہوئی تھی ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے آلودہ پانی کی صفائی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 1280 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے مزید 17 ایس ٹی پیز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی تلاش میں لوگ ہر سال بڑے پیمانے پر شہر کا رخ کررہے ہیں ۔ جس سے شہر میں نئی کالونیاں وجود میں آرہی ہیں اور بڑے پیمانے پر اپارٹمنٹس اور مکانات تعمیر ہورہے ہیں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ آلودہ پانی کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ملک بھر میں 8 گریٹر شہر موجود ہیں ۔ ان سب میں صرف شہر حیدرآباد میں 40 فیصد (772) ایم ایل ڈیز آلودہ پانی کو ایس ٹی پیز کے ذریعہ صاف کیا جارہا ہے ۔ مگر پھر بھی یہ ناکافی ہے ۔ مزید 1200 ایم ایل ڈیز آلودہ پانی باقی رہ رہا ہے ۔ اس پانی کو فوری صاف نہیں کیا گیا تو ہم توقعات کے مطابق شہر حیدرآباد کو عظیم تر حیدرآباد میں تبدیل نہیں کرپائیں گے ۔ مستقبل میں اسمبلی حلقہ جات کوکٹ پلی ، قطب اللہ پور اور شیر لنگم پلی کے سرکلس میں 1280 کروڑ روپئے کے مصارف سے 17 ایس ٹی پیز تعمیر کئے جائیں گے ۔ جس سے مزید 40 فیصد آلودہ پانی کو صاف کرنے کی گنجائش فراہم ہوگی ۔۔