گاؤں والوں کے حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی

   

سہسرام: بہار میں ضلع روہتاس کے مفصل تھانہ علاقہ کے تحت مراد آباد گاؤں میں دو ملزمین کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پر گاؤں والوں نے حملہ کیا جس میں خاتون کانسٹیبل سمیت چار پولس اہلکار زخمی ہوگئے ۔پولس ذرائع نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ پولیس وارنٹی شاہد قریشی اور پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنسز (پوکسو) ایکٹ کے تحت ملزم خلیل قریشی کو گرفتار کرنے مرادآباد گاؤں پہنچی تھی۔ جب پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کیا تو ان کے گھر والوں اور گاؤں کے کچھ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔ یہی نہیں بلکہ لڑائی اور دھکا مکی کرکے گاؤں والوں نے دونوں گرفتار وارنٹیوں کو رہا کرالیا۔ اس واقعہ میں حولدار راجندر سنگھ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ انسپکٹر شتروگھن سنہا کے علاوہ کانسٹیبل سنیل کمار اور خاتون کانسٹیبل سنیتی کماری بھی زخمی ہوئی ہیں۔ تمام زخمیوں کو سہسرام صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ روشن کمار نے بتایا کہ چھاپے کیلئے گئے پولیس کے جوانوں نے ہیلمٹ اور باڈی پروٹیکٹرز پہنے ہوئے تھے ، جس کی وجہ سے کسی پولس اہلکار کو شدید چوٹیں نہیں آئیں۔