گائیوں کے تحفظ پر راجہ سنگھ نے ریونت ریڈی کی تعریف کی

   

سرکاری نگرانی میں گاؤ شالاؤں کا قیام کا خیرمقدم ، گاؤکشی پر پابندی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 18جون (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے گائیوں کے تحفظ کیلئے گاؤ شالائیں قائم کرنے کیلئے جو عملی اقدامات کئے ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ملک میں گائیوں کے تحفظ کے معاملے میں تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی دوسرے نمبر پر ہیں۔ ریاست میں سرکاری نگرانی میں گاؤ شالاؤں کا قیام وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ریاست میں ہزاروں کی تعداد میں گائے ، بچھڑوں اور بیلوں کو غیرقانونی طور پر ذبح کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ حکومت یہ واضح کرے کہ اس کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ماڈل گاؤ شالاؤں کا قیام ایک اچھی شروعات ہے۔ گائیوں کے تحفظ کیلئے ریاست میں اسپیشل پولیس فورس قائم کی جائے اور اس میں انہیں بھی ایک رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے۔ حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر گائیوں کو ذبح کیا جارہا ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا راجہ سنگھ نے حکومت سے مطالبہ کیا۔ سارے ملک میں گائیوں کی خدمت کرنے والے چیف منسٹر کون ہیں، پر سوال کیا جاتا ہے تو سب سے پہلے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا نام آتا ہے، اور دوسرے نمبر پر چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی شامل ہوگئے ہیں۔2
اس طرح گائیوں کا تحفظ کرنے پر سارے ملک میں چیف منسٹر کو خاص شہرت حاصل ہوچکی ہے۔ راجہ سنگھ نے تلنگانہ میں گائیوں کے ذبح کرنے پر پابندی لگانے کا ریونت ریڈی حکومت سے مطالبہ بھی کیا۔2