آپریشن کی زچگی سے بچنے حاملہ خواتین گاروڈہ پئیں : صدر ریاستی بی جے پی
دہرہ دون 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ کے چیف منسٹر تریویندر سنگھ راوت نے آج یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ پیدا کردیا کہ گائے آکسیجن چھوڑتی ہے لیکن افزائش حیوانات اور مویشیوں کے ماہرین نے ان (چیف منسٹر) کے اس دعویٰ کو بکوس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ چیف منسٹر کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ گائے کو مساج (مالش) کرنے سے تنفس کے مسائل کا علاج ہوسکتا ہے۔ اس جانور (گائے) کے قریب زندگی گذارنے سے تپ دق (ٹی بی) کا علاج بھی ہوسکتا ہے۔ اتراکھنڈ کے چیف منسٹر کو اس ویڈیو میں نہ صرف گائے کے دودھ بلکہ اس کے پیشاب کے فوائد بیان کرتے ہوئے بھی سنا گیا۔ چیف منسٹر تریویندر سنگھ راوت کی جانب سے گائے کی شان میں کی جانے والی اس قصیدہ خوانی سے چند دن قبل بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر اور نینی تال کے رکن پارلیمنٹ وجئے بھٹ نے حال ہی میں کہا تھا کہ حاملہ خواتین آپریشن کی زچگی سے بچنے کیلئے روڈ گنگا کا پانی استعمال کریں۔ گاروڈ گنگا ضلع باگیشور کی ایک ندی ہے۔