بلند شہر: اتر پردیش کے بلند شہر ضلع میں پولیس کے ساتھ ہوئے انکاؤنٹر میں 25 ہزار روپیے کا انعامی بدمعاش گائے اسمگلر ہارون پکڑا گیا۔بلند شہر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے جمعہ کو بتایا کہ ضلع کے گلاوٹھی تھانہ علاقہ میں ہارون اور اس کے ایک ساتھی کے ساتھ جمعرات کو دیر رات ایک پولس انکاؤنٹر ہوا۔ اس میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ہارون کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہا۔سنگھ نے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دو گائے اسمگلر چندر پورہ گاؤں سے خوشحال پور کی طرف آرہے ہیں۔ پولیس نے خوشحال پور کے راستے پر موٹر سائیکل کو روکا جس پر موٹر سائیکل پر سوار بدمعاش فائرنگ کرتے ہوئے بھاگنے لگے ۔ جوابی فائرنگ میں موٹر سائیکل پر سوار رسول پور کا ہارون گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔