گائے کی غیر قانونی حمل و نقل پر کارروائی کا انتباہ

   

نارائن پیٹ میں جائزہ اجلاس، سی آئی سیوا شنکر کا خطاب
نارائن پیٹ 17/مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم آئی پی ایس کی ہدایت کے مطابق آئندہ بقرعید کے تہوار کے پیش نظر نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن میں مذبح خانوں کے منتظمین کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس موقع پر انہیں مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی آئی سیوا شنکر نے کہاکہ تمام لوگوں کو بقرعید کا تہوار پرامن طریقے سے منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائے کی غیر قانونی نقل و حمل کی گئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بقرعید کے دن بھیڑ بکریوں کو ذبح کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ناکارہ اشیاء اور چمڑے اردگرد سے دور پھینک دیں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گائے اور چھوٹے بچھڑے کو ذبح نہ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گائے ذبح کی گئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذبحہ خانے میں جانوروں کو ذبح کرنے کے لیے ویٹرنری ڈاکٹر کا اجازت نامہ لازمی ہے، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ گائے کی اسمگلنگ نہ کی جائے۔ ٹرینی اے ایس ایس شریمتی ریوتی، مذبح خانہ کے منتظمین و قریشی برادران و دیگر نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔