بنگلورو : ملک کی کئی ریاستوں میں بیف کی سربراہی میں کمی آرہی ہے۔ کرناٹک کی پڑوسی ریاست گوا میں بیف کی کمی کے پیش نظر کرناٹک کے کانگریس رکن اسمبلی نے مرکز پر زور دیا ہے کہ اگر بی جے پی کو گائے کی فکر ہے تو اسے بیف کی برآمدات پر پابندی عائد کرنی چاہئے ۔ کانگریس رکن اسمبلی دنیش گنڈو راو نے نریندر مودی حکومت سے اپیل کی کہ وہ بیف کی برآمدات پر پابندی عائد کریں ۔ اس طرح کے اقدام سے ملک میں گاؤ کشی کو روکنے میں مدد ملے گی ۔ دنیش گنڈو راؤ گوا میں کانگریس کے انچارج ہیں۔ گوا میں بیف کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ پڑوسی ریاست کرناٹک سے بیف کی سربراہی میں کمی کے بعد یہاں کے لوگوں کو مہنگے داموں میں بیف خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایک طرف گائے ماتا کے تحفظ کا راگ الاپ رہی ہے ، دوسری طرف بیف کی برآمدات کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کسان پریشان ہیں اور ریاستی حکومت نے کسانوں کی کوئی مدد نہیں کی ہے۔ کرناٹک میں گاؤکشی پر پابندیٔ قانون کے بعد کسانوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔ کسانوں کے بیل ، بھینس ، گائیوں کی دیکھ بھال سنگین مسئلہ بن گئی ہے ۔ کسان مویشیوں کو چارہ دینے کے موقف میں بھی نہیں ہے ۔ ایسی صورت میں مویشیوں کی دیکھ بھال کون کرے گا ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ کسانوں کو پنشن جاری کریں تاکہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی جاسکے۔
