گاریتھ ویئن اوین، تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئےبرٹش ڈپٹی ہائی کمشنر مقرر

   


حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) گاریتھ ویئن اوین، تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر مقرر کئے گئے ہیں۔ وہ ان دو تلگو ریاستوں میں برطانیہ کے کام کے تمام امور کیلئے ذمہ دار ہوں گے۔ گاریتھ اس ہفتہ حیدرآباد آئے ہیں اور آنے والے دنوں میں وہ اسٹیک ہولڈرس سے ملاقات کرنا شروع کریں گے۔ برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر ٹو آندھراپردیش اینڈ تلنگانہ گاریتھ نے کہا کہ یوکے ۔ ہندوستان تعلقات کے اس شاندار مرحلہ کے دوران حیدرآباد میں ہوتے ہوئے مجھے خوشی ہورہی ہے۔ یو کے اور ان دو تلگو ریاستوں کے درمیان تعلقات میں استحکام کا خواہاں ہوں۔ ہندوستان کی تیزی سے ترقی کرنے والی ان دو ریاستوں میں یو کے کی نمائندگی کرنا میرے لئے خوش آئند ہے۔ الیکس یلیس، برٹش ہائی کمشنر ٹو انڈیا نے کہا کہ ’’مجھے گاریتھ کا ہندوستان میں بحیثیت ڈپٹی ہائی کمشنر برائے آندھراپردیش اور تلنگانہ خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ سائنس اور اختراع میں شراکت داری کے معاملہ میں ان کا وسیع تر تجربہ تلگو ریجن میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔ گاریتھ کی قبل ازیں اوؤرسیز پوسٹنگس میں روس، آرمینیا، ایران اور آذربائیجان میں خدمات شامل ہیں۔