گالی جناردھن ریڈی کو 7 سال قید کی سزاء

   

اوبلا پورم کانکنی معاملہ
سابق وزیر کرناٹک کے 3 ساتھی بھی خاطی ۔ فی کس ایک لاکھ جرمانہ
حیدرآباد6 مئی (سیاست نیوز) سی بی آئی عدالت نے اوبلا پورم کانکنی معاملہ میں سابق وزیر کرناٹک گالی جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر 3افراد کو مجرم قرار دے کر 7 سال قیداور ایک لاکھ روپئے جرمانہ کی سزاء سنائی ہے۔ بدنام زمانہ اوبلا پورم کانکنی مقدمہ میں عدالت نے آج فیصلہ سنایا اور گالی جناردھن ریڈی ‘ اوبلا پورم مائننگ کمپنی کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر بی وی سرینواس ریڈی ‘ سابق ڈائرکٹر مائنس آندھراپردیش وی ڈی راجگوپال کے علاوہ گالی جناردھن ریڈی کے شخصی مددگار محفوظ علی خان کو مجرم قرار دے کر سزاء سنائی اور تمام مجرمین کو 7سال کی سزاء اور ایک لاکھ روپئے جرمانہ ادا کرنے ہدایت دی گئی ہے۔ سی بی آئی عدالت نے اپنے فیصلہ میں مقدمہ کا سامنا کرنے والی سبیتا اندرا ریڈی سابق وزیر کانکنی متحدہ آندھراپردیش ‘ مسٹر کرپانندم آئی اے ایس کو بری کردیا ہے ۔2022 میں ہائی کورٹ نے اس مقدمہ میں ملزم آئی اے ایس سری لکشمی کو ملزمین کی فہرست سے خارج کرنے احکام جاری کئے تھے۔ 12 سال قدیم مقدمہ میں سی بی آئی کی جانب سے پیروی کے دوران کانکنی کے بے تاج بادشاہ سمجھے جانے والے گالی جناردھن ریڈی کو 7 سال قید کی سزاء سنائی گئی اور اس معاملہ میں سابق وزیر کرناٹک 4 سال قید میں گذار چکے ہیں۔2009 میں سی بی آئی نے کانکنی معاملہ میں دھاندلیوں کی نشاندہی اور شکایات ملنے کے بعد مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس مقدمہ میں سی بی آئی کی جانب سے 2011 میں پہلی چارج شیٹ داخل کرکے اوبلا پورم کانکنی اسکام کی توثیق کی گئی تھی۔سی بی آئی نے 2011 میں عدالت میں جو چارج شیٹ پیش کی تھی اس میں گالی جناردھن ریڈی ‘ محفوظ علی خان‘ سبیتا اندرا ریڈی ‘ وی ڈی راجگوپال‘ کرپانندم آئی اے ایس اور بی وی سرینواس ریڈی کے نام شامل تھے ۔ واضح رہے کہ سی بی آئی نے اوبلا پورم مائننگ کمپنی کی جانب سے الاٹ اراضی سے زیادہ اراضی پر قبضہ کرکے غیر قانونی کانکنی کے الزامات پر کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا تھا ۔3