گانجہ اسمگلنگ کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

   

چار افراد گرفتار ، لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ /11 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں بڑے پیمانے پر گانجہ کی اسمگلنگ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی منشیات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس رادھا کشن راؤ نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 26 سالہ کے ناگراجو ہے جو اپنے 3 ساتھیوں پی چنا راؤ ، ایم درگا بابو اور جی نرسمہا کی مدد سے گانجہ فروخت کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ناگراجو اور چنا راؤ اڈیشہ کے جنگلاتی علاقوں میں گانجہ کی کاشت کیا کرتے تھے اور اس گانجہ کو شہر میں منتقل کرتے ہوئے فی کیلو 1500 روپئے فروخت کیا کرتے تھے ۔ یہاں کے مقامی ڈرگس اسمگلرس اس گانجہ کو 7000 روپئے فی کیلو میں خواہشمند گاہکوں کو فروخت کررہے تھے ۔ گانجہ کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ اور فروخت کے کاروبار کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے مذکورہ چار افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 96 کیلو گانجہ جس کی مالیت مارکٹ میں 6 لاکھ 70 ہزار بتائی جاتی ہے ضبط کرلی ۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران 3 موبائیل فون بھی ضبط کرلئے ۔