حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون پولیس نے گانجہ فروخت کرنے والے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 6 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا۔ انسپکٹر رمیش نائیک کی ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 28 سالہ سنیل سنگھ ساکن گنگا باؤلی دھول پیٹ اور 29 سالہ نندا کشور سنگھ عرف کٹو ساکن کاروان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ سنیل سنگھ گانجہ کا کاروباری بتایا گیا ہے جو گاؤشالہ کے قریب پان کی دوکان پیوش پان شاپ چلایا کرتا ہے۔ سنیل سنگھ پان کی دوکان سے گانجہ فروخت کرتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سنیل سنگھ نے ننداکشور سنگھ سے گانجہ خریدا تھا۔ ننداکشور نے سیلیرو وشاکھاپٹنم کے ساکن ومشی سے 24 ہزار روپئے میں 6 کیلو گانجہ کی خریداری کی اور گانجہ کو شہر منتقل کرنے کے بعد 4 کیلو گانجہ 28 ہزار روپئے میں سنیل سنگھ کو فروخت کیا اور دو کیلو گانجہ کو اپنے مکان واقع آصف نگر کاروان میں رکھ لیا تاکہ ضرورتمند گراہکوں کو مہنگے داموں میں فروخت کرسکے۔ پولیس نے بتایا کہ سنیل سنگھ گانجہ گراہکوں کو فروخت کرتا تھا اور پان شاپ کی آڑ میں گانجہ کی فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر انہیں گرفتار کرلیا۔ع