گانجہ منتقلی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب،چھ افراد گرفتار، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

   


حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ عبداللہ پور میٹ پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے ایک کارروائی کے دوران اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے 590 کیلو گانجہ، دو گاڑیاں، 8 سیل فون اور 1900 روپے نقد رقم کل مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ کرن پرشورام پرکلہ 31 سالہ ایم ایتھاپے، 30 سالہ سنتوش انیل گائکواڑ، 23 سالہ آکاش شیواجی چودھری، 40 سالہ دنور گاڈے، ساکنان بیٹر ضلع مہاراشٹرا اور بوکیہ سائی کمار ساکن سوریہ پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی کے مزید تین افراد جن کی نشاندہی بھیما، مکھانگیری، اے ناگراجو ساکن سوریا پیٹ اور راجو ساکن ملکاجگیری مفرور ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ آندھرا۔ اڈیشہ سرحدی علاقوں سے ریاست مہاراشٹرا کو گانجہ منتقل کیا جارہا تھا۔ ایک خفیہ اطلاع پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے عبداللہ پور میٹ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے پداعنبرپیٹ آؤٹر رنگ روڈ علاقہ میں اس سازش کو بے نقاب کیا۔ ایک سوئفٹ کار اور ایک بولورو گاڑی میں گانجہ منتقل کیا جارہا تھا۔ 104 چھوٹے پیاکٹس میں کل 590 کیلو گانجہ منتقل ہو رہا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ کرن پرشورام کے خلاف رچہ کنڈہ میں پہلے سے تین مقدمات درج ہیں جو پولیس کو مطلوب تھا۔ اس اصل سرغنہ کرن پرشورام کے خلاف سابق میں وشاکھاپٹنم پولیس نے کارروائی کی تھی اور 6 ماہ جیل کی سزا کاٹنے کے بعد وہ رہا ہوا اور رہائی کے بعد دوبارہ اس نے پھر سے گانجہ کی منتقلی شروع کردی۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ مفرور افراد کی تلاش جاری ہے اور گرفتار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس آپریشن کو انجام دینے والے پولیس ملازمین کی ستائش کی انہیں رقمی انعام سے نوازا۔ ع