1210 کیلو گانجہ راجستھان منتقل کیا جا رہا ہے ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ سدھیر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز)۔ راچہ کنڈہ پولیس نے ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور 6 کروڑ 25 لاکھ روپئے مالیتی 1210 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ سدھیر بابو نے بتائی جو پریس کانفرنس کو مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم زون اور عبداللہ پور میٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کو ناکام بنادیا ۔ گانجہ کی بڑی کھیپ اوڈیشہ سے راجستھان منتقل کی جارہی تھی ۔ اس گانجہ کو سمنٹ کے تھیلوں میں بھر کر منتقل کیا جارہا تھا ۔ پو لیس نے 22 سالہ وکرم وشوتی عرف وکاس ساکن جودھپور راجستھان جو پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے ، کو گرفتار کرلیا اور ٹاٹا الٹرا ٹرک کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ پو لیس نے 1210 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا جبکہ گرفتار ڈرائیور وکرم وشنوئی سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ وکرم وشنوئی اپنے ہم وطنی گانجہ اسمگلرس کے رابطہ میں آیا اور دیوی لال عرف کٹو سے ملاقات ہوئی اور ایوب خاں جو گانجہ حاصل کرتا ہے ، اس سے بات ہوئی ۔ رام لالجو ڈی سی ایم گاڑی کا مالک ہے گانجہ حاصل کرتا تھا ۔ اس نے 5 لاکھ روپئے فی ٹرپ گانجہ منتقلی کیلئے وکرم کو راضی کر لیا اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا ۔ پولیس نے بتایا اکہ دیوی لال ، ایوب خاں اور رام لال گانجہ کو راجستھان سپلائی کرتے تھے ۔ پو لیس کے مطابق وکرم راجستھان کے جئے پور سے لوہے کا لوڈ لے کر ناندیڑ مہاراشٹرا پہنچا اور مہاراشٹرا میں سامان خالی کرکے حیدرآباد آیا اور حیدرآباد سے کھمم روانہ ہوا ، جہاں اس نے سمنٹ کے بیاگس کی خریداری کی اور ٹرک کے سامنے حصہ میں رکھ دیا تاکہ ٹرک لوڈ والا ظاہر اور ٹرک کے پھیلے حصہ میں گانجہ کے تھیلے بھردیئے ۔ اس نے دیوی لال رام لال اور ایوب خاں کی ہدایت پر عمل کرکے ملکا نگیری اوڈیشہ میں اجنبی سے 1210 کیلو گانجہ کی خریداری کی اور راجستھان روانہ ہوگیا ۔ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم اور عبداللہ پور میٹ پولیس نے قومی شاہراہ 165 کتیہ گوڑہ چوراہے پر گاڑی روکی اور گانجہ کی بھاری مقدار کو ضبط کرلیا ۔ اڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی محمد شاکر حسین کی نگرانی میں کارروائی کی گئی ۔ع