گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب، بین ریاستی ٹولی کے ارکان گرفتار

   

دیگر ملزمین مفرور، اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر کی کارروائی
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر زون پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور بین ریاستی ٹولی کے دو افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو ملزمین مفرور بتائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایس او ٹی ایم اے رشید کے مطابق وشاکھاپٹنم سے برائے حیدرآباد گانجہ کو کرناٹک منتقل کیا جارہا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کار سے 30 کیلو گانجہ کو ضبط کیا اور 30 سالہ انیل برادر ساکن عیسیٰ میاں بازار حیدرآباد متوطن بیدر کرناٹک اور 25 سالہ مادھو انچورے ساکن گچی باؤلی متوطن کملا نگر اوراد کو گرفتار کرلیا جبکہ رام شیو پورے اور روی ساکنان کرناٹک مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک کار، 80 کیلو گانجہ اور تین سیل فونس ضبط کرلئے۔ وشاکھاپٹنم سے گانجہ کی خریداری کے بعد اس گانجہ کو بذریعہ کار منتقل کیا جارہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایس او ٹی نے بتایا کہ پولیس کی تلاشی سے بچنے کیلئے ٹول پلازہ اور عام راستوں سے یہ لوگ حیدرآباد روانہ ہورہے تھے اور کار میں خفیہ طور پر گانجہ کو چھپایا گیا تھا تاہم ایس او ٹی پولیس نے اسے بے نقاب کردیا۔ درگاہ خلیج خاں کے علاقہ میں تلاشی کے دوران پولیس نے انہیںبے نقاب کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ع