گانجہ منتقلی کے بین ریاستی ریاکٹوں کا پردہ فاش

   

تین افراد بشمول خاتون گرفتار، ایگل فورس تلنگانہ کی کارروائی
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) ایگل فورس تلنگانہ نے آج دو علیحدہ کارروائیوں میں گانجہ منتقلی اور منشیات کے دو علیحدہ بین ریاستی ریاکٹوں کا پردہ فاش کردیا اور تین افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ ایگل فورس نے حیات نگر پولیس کے ساتھ کی گئی کارروائی میں دو افراد 22 سالہ بنسی لال عرف بنسی لال پوار عرف راہول سائنی ساکن حیات نگر، متوطن راجستھان اور 25 سالہ یوگیش رنکاوت ساکن حیات نگر متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2.6 گرام میتھ نشیلی شئے کو ضبط کرلیا جو راجستھان سے میتھ کو منتقل کرتے ہوئے شہر میں فروخت کررہے تھے۔ اس ٹولی کا ایک اور سرغنہ اے پون اوڈے مفرور بتایا گیا ہے۔ دوسری کارروائی میں ایگل فورس نے ریلوے پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جو اڈیشہ سے ممبئی بذریعہ ٹرین گانجہ منتقل کررہی تھی۔ ریلوے پولیس اور ایگل فورس نے خفیہ اطلاع پر بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی تلاشی لی اور اس خاتون کے قبضہ سے 16 کیلو گانجہ ضبط کرلیا جس کی مالیت 8 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ایگل فورس کے مطابق 37 سالہ ممتا ڈیگل جو نوی ممبئی سے تعلق رکھتی تھی، اڈیشہ کے پھول بنی ضلع سے تعلق رکھتی تھی۔ ممتا ممبئی کے ساکن اشوک کے اشارے پر کام کرتی تھی۔ اشوک ممتا کو ایک ٹرپ کے لئے 10 ہزار روپئے ادا کرتا تھا اور اس نے دو مرتبہ گانجہ کی منتقلی انجام دی تھی۔ ریلوے پولیس اور ایگل ٹیم نے کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا۔ع