ڈی ایس پی سید نعیم الدین جاوید کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12۔ جون (سیاست نیوز) ریلوے پولیس سکندرآباد اور آر پی ایف نے ایک مشترکہ کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی ایس پی ریلوے سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ اڈیشہ سے مہاراشٹرا منتقل کئے جارہے گانجہ کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 24 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا گیا جس کی مالیت 6 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گجاپتی اڈیشہ سے مہاراشٹرا کے پونے ریل سے گانجہ منتقل کیا جارہا تھا کہ ریلوے پولیس نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے انہیں گرفتار کرلیا ۔ اس کارروائی میں ریلوے پولیس نے 29 سالہ سیلو بتسارے ساکن گجاپتی ضلع اڈیشہ 26 سالہ کرن باغ سنگھ ساکن رائے گڑھ اڈیشہ 24 سالہ سچن پٹلہ سنگھ رائے گڑھ اور 27 سالہ شیخ رضوان ساکن امراوتی مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو ملزمین لکشمن کالے اور راہول پرمبل ساکنان مہاراشٹرا مفرور ہیں۔ ریلوے پولیس کے مطابق تسارے سچن اور کرن باغ سنگھ نے اڈیشہ سے گانجہ خرید کر سکندرآباد منتقل کیا اور اس گانجہ کو رضوان اور بکشن اور پرمبل کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ گانجہ کو خرید کر تینوں یہ گانجہ امراوتی منتقل کرتے ہوئے فروخت کیا کرتے تھے ۔ ریلوے پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے انہیں گرفتار کرلیا ۔ع