۔ 70 کیلو گانجہ ضبط، ملزمین کا ماضی میں ریکارڈ خراب، کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/28 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گانجہ کے کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف پولیس سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہے اور تازہ ترین کارروائی میں ٹاسک فورس پولیس نے دو مختلف ٹولیوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے گانجہ برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ ایس آر نگر کے ساکن نرسنگ سنگھ اور اس کے ساتھی رماوت رمیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے 70 کیلو گانجہ ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ نرسنگ جو سابق میں گانجہ کے کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے نے اپنے پرانے ساتھی سلیرو کے متوطن روی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے رماوت رمیش کی مدد سے شہر کو گانجہ منتقل کررہا تھا۔ انجنی کمار نے کہاکہ اکٹوبر 2021 میں نرسنگ نے روی کو بذریعہ گوگل پے 50 ہزار روپئے آن لائن منتقل کیا اور 70 کیلو گانجہ حوالے کرنے کیلئے کہا جس پر رمیش اپنی گاڑی میں سلیرو پہنچ کر بھاری مقدار میں گانجہ شہر منتقل کیا اور پولیس و آبکاری عہدیداروں کی جانب سے جاری گانجہ کے کاروباریوں کے خلاف کارروائی کے پیش نظر جوبلی ہلز کے علاقہ رحمت نگر میں گانجہ کو پوشیدہ طور پر رکھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے جوبلی ہلز علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے گانجہ کے 35 بنڈل ( 70 کیلو گانجہ ) ضبط کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرلیا اور بعد ازاں جوبلی ہلز پولیس کے حوالے کردیا۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے گانجہ کے کاروبار میں ملوث افراد کشور سنگھ اور اس کے ساتھی محمد فیروز کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے گانجہ برآمد کیا ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ کشور سنگھ گانجہ کا عادی اسمگلر ہے اور سابق میں اسے گیارہ مرتبہ گانجہ کے کیس میں جیل بھیجا جاچکا ہے اور مسلسل اس کاروبار میں ملوث ہونے کے سبب پی ڈی ایکٹ کے تحت بھی طویل عرصہ تک جیل میں رکھا گیا تھا۔ اسی طرح محمد فیروز جو اولڈ ملک پیٹ کا ساکن ہے موٹر سائیکلوں کے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور وہ کشور سنگھ کو گانجہ کے کاروبار میں مدد کررہا تھا۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے مذکورہ گانجہ کے اسمگلرس سے 2 کیلو گانجہ برآمد کرتے ہوئے اس کی اسمگلنگ میں استعمال کی جانے والی ایک گاڑی کو بھی ضبط کرلیا۔ب
