شمس آباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے پانچ طالب علموں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے آٹھ کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ انسپکٹر وائی راما کرشنا نے میڈیا کو بتایا کہ تھما بھانو تیجاریڈی 20 سالہ انجینئرنگ طالب علم، ڈی سائی نریش چندرا یادو 21 سالہ بی ٹیک سکنڈایئر، کے اکھل 20 سالہ بی ٹیک سکنڈایئر، شیخ نعیم 20 سالہ خانگی ملازم اور ڈی سائی کمار 20 سالہ بی ٹیک آخری سال تمام ساکن حیدرگوڑہ متوطن کھمم جو آپس میں گہرے دوست تھے، کالج کی تعلیم کے دوران انہیں سگریٹ نوشی اور شراب نوشی کی عادت ہوچکی تھی اور انہیں آمدنی کا کوئی ذریعہ نظر نہیں آرہا تھا جس کے بعد پانچوں نے مل کر آسان طریقہ سے رقم کمانے کیلئے ویزاگ گئے اور وہاں سے نامعلوم افراد سے آٹھ کیلو گانجہ خریدا۔ حیدر گوڑہ راجندرا نگر اپنے مکان واپس ہوگئے۔ شمس آباد بس اسٹانڈ کے قریب دو افراد کو مشتبہ حالت میں دیکھتے ہوئے پولیس نے حراست میں لے لیا اور تفتیش کرنے پر دونوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں کا بھی پتہ بتایا۔ اس کے قبضہ سے چار کیلو گانجہ اور مکان سے چار کیلو گانجہ برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ بھانو تیجاریڈی کو بنگلور پولیس نے گانجہ کے کیس میں گرفتار کرچکی ہے اور فبروری 2019ء میں شمس آباد اکسائز عہدیداروں نے بھانو تیجاریڈی، کے اکھل اور شیخ نعیم کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا تھا۔
