۔80 کیلو گانجہ ضبط ، اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر کی کارروائی
حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے میرپیٹ پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی میں گانجہ منتقلی کی بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 80 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا جبکہ اس ٹولی کا ایک اور سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ پولیس نے سوریہ پیٹ علاقہ کے ساکنان 23 سالہ ایس نائیک 20 سالہ ایل انیل 20 سالہ ایل ونود اور 22 سالہ ذکاوت حسین کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ 20 سالہ شیوا مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اس بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ جو ریاست آندھراپردیش کے وائزاگ سے گانجہ حیدرآباد اور نظام آباد کو منتقل کر رہے تھے ۔ پولیس نے ان 4 افراد کے بشمول ایک کار 4 موبائل فون اور 4200 نقد رقم کو بھی ضبط کرلیا ۔ یہ ٹولی وائزاگ سے 2ہزار روپئے فی کیلو گانجہ خرید کر یہاں شہر میں 7 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ فروخت کر رہے تھے ۔ پولیس مزید تحقیقات میں جٹ گئی ہے ۔